اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد جواد امین ربع نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں فلسطین میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے معصوم فلسطینیوں کی شہادتوں پر، فلسطینی سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی بربریت کو رکوانے کیلئے اہم مسلم ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ روابط جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس اور میں نے فلسطینی وزیر خارجہ خارجہ سے رابطہ کر کے انہیں، حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیر خارجہ نے فلسطینی سفیر کو فلسطین میں اسرائیلی حملے رکوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونیوالے روابط سے آگاہ کیا۔ فلسطینی سفیر نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت اور اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ فلسطینی سفیر نے فلسطین میں جاری جارحیت کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔