پی ڈی ایم بند کمرے تک محدود،اپوزیشن کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں:عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کل بھی فلسطینی عوام کے ساتھ تھی، آج بھی ان کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بمباری ظلم کی انتہا ہے۔ نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے اور اسرائیلی درندگی کو روکنا عالمی برادری کا فرض ہے۔ لہٰذا صورتحال کو مزید گھمبیر ہونے سے بچانے کیلئے عالمی برادری کو جاگنا ہوگا۔ فلسطین میں اسرائیلی بربریت روکنے کیلئے عالمی برادری فوری اقدامات کرے کیونکہ بڑھتی ہوئی اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔  مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک عالمی امن خطرے میں ہے۔ وزیراعلیٰ  ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جس میں منتخب نمائندوں کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، فلاح عامہ کی نئی سکیموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ عثمان بزدار نے منتخب نمائندو ں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتا ہوں۔ میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں اور عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کو پوری اہمیت دیتا ہوں۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں لوٹ مار قصہ پارینہ ہے۔ پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ ہوگی۔ پنجاب کا مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید اقدام ہے۔ گردواروں، مندروں اورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت کیلئے فنڈز مختص کر دیئے ہیں۔اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکا ہے اور اپوزیشن کا آئندہ کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔پی ڈی ایم بند کمرے تک محدود ہو گئی ہے۔ عمران خان کی دیانتداری اور پی ٹی آئی حکومت کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ عثمان بزدارسے تحریک انصاف کے رہنما مہدی بھٹی اور رکن قومی اسمبلی شوکت بھٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حافظ آباد کے ترقیاتی پیکیج پر پیشرفت اور حلقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگوکی گئی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ حافظ آباد سمیت ہر شہر کی ترقی کا عزم کر رکھا ہے۔  ماضی کی طرح وسائل چند مخصوص شہروں کے لئے مختص نہیں کئے۔  حافظ آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں کو ماضی میں بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصرخودانتشار کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہر موقع پر ناکامی کے بعد پی ڈی ایم کو منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...