اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عید کے دنوں میں ہونے والی ہوشربا مہنگائی کے حوالے سے سے بیان میں کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم اپنی پوری قوت لگا کر بھی رمضان میں مہنگائی قابو کرنے میں ناکام رہے اور عید پر بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکے۔ عید پر 30 فیصد تک مہنگے کپڑے اور جوتے خرید کر عام آدمی سمجھ چکا ہے کہ عمران خان کی تبدیلی ایک فراڈ تھی۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی قوت خرید پر تبدیلی کا وہ کاری وار کیا ہے کہ عوام کی عید پھیکی پڑگئی۔ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر وزیراعظم پابندی کے باوجود عید کی چھٹیاں منانے نتھیاگلی پہنچ گئے۔ وزیراعظم صاحب! 150 روپے فی کلو تک دودھ اور 50 فیصد تک مہنگے میوہ جات خریدنے والا عام آدمی آپ کی حکومت سے بدظن ہو چکا ہے۔ عمران خان کی حکومت نے کاسمیٹکس اور جیولری کی اشیاء کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کر کے ایک عام گھرانے کو عید کی خوشیوں سے محروم کرنے کی کوشش کی۔ بینظیر انکم سپورٹ کو احساس پروگرام کا نام دے کر واہ واہ سمیٹنے والے وزیراعظم کو خبر ہی نہیں کہ عید پر بچوں کے مہنگے کپڑے خریدنے والے عام آدمی پر کیا گزری۔ رمضان اور عید پر اعلانات کے باوجود عمران خان مہنگائی کے خاتمے کیلئے کچھ نہ کر سکے۔ عام دنوں میں عوام کا کیا حال کریں گے؟۔