کابل؍کوہاٹ (شہنوا+این این آئی) پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ لوگر میں ایک گھر پر مارٹرگولہ گرنے اور جنوبی صوبہ غزنی میں سڑک کنارے بم پھٹنے کے دو الگ واقعات میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت 8 افغان شہری جاں بحق اور 8 دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق و زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ضلع بارکی بارک میں ایک گھر پر مارٹرگولہ آکر گرا جو زورداردھماکہ سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جبکہ 6 دیگرشدید زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق اس واقعہ کی کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ادھر افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ غزنی کے ضلع خواجہ عمری میں سڑک کنارے بم پھٹنے کے باعث 5 افغان شہری جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔