کلیری اور ہانبھی برادری میں صلح‘دیت کی رقم معاف ‘خونریزی کا خطرہ ٹل گیا

May 18, 2021

جام پور( نمائندہ نوائے وقت) کلیری اور ہانبھی میں صلح‘دیت کی رقم بھی معاف کردی گئی ‘خونریزی کا خطرہ ٹل گیا۔ تفصیل کے مطابق ایک ماہ قبل کلیری اقوام کے نوجوانوں نے ہانبھی اقوام کے نوجوانوں کو گھر کے نزدیک شکا ر کھیلنے سے منع کیا تھا جس پر ہانبھی اقوام کے نوجوانوں سیف اللہ۔ امان اللہ نے اپنے رشتہ داروں کو بلا کر فائرنگ شروع کردی ۔ جس سے کلیری اقوام کے نوجوان محمد لطیف شدید زخمی ہو گیا تھا۔ تھانہ داجل پولیس نے پانچ ملزمان سیف اللہ‘رحیم ‘امان اللہ سمیت پر زیر دفعہ377A2مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان نے عبوری ضمانتیں کر الیں۔اہل علاقہ اور معززین نے مداخلت کرکے مدعی پارٹی کو صلح پر آمادہ کیا۔ مقامی پنچایت جس میں سید فداحسین شاہ‘محبوب گیلانی‘اعجاز احمد‘ فخر ڈھانڈلہ‘ڈاکٹر قاضی حماد سیف اللہ‘عابد کھوسہ‘اکرم حجانہ‘جاوید لنگاہ‘جمیل جوگیانی‘حسو خان مدعی فریق جبکہ ملزم پارٹی کی طرف سے اسحاق باجوہ‘عاشق ‘سجاد میرانی‘محبوب ‘ملک حبیب ہانبھی‘رحیم بخش ‘ منیر احمد ‘پرویز کلیری‘شریف خان کلیری ودیگر نے شرکت کی۔ ثالثین کے فیصلہ کے مطابق بارہ لاکھ روپے دیت ہانبھی برادری مدعی پارٹی کلیری برادری کو دے گی۔ معززین علاقہ اور ملزم پارٹی کی طرف سے معافی طلب کرنے پر کلیری اقوام نے دیت کی رقم معاف کرکے ایک دوسرے کو گلے لگا دیا ۔

مزیدخبریں