چوہدری محمدسرور کا بزنس کیمونٹی کے تعاون سے فلسطینی عوام کیلئے 100ملین روپے امداد کا اعلان

May 18, 2021 | 17:07

ویب ڈیسک

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بزنس کیمونٹی کے تعاون سے فلسطینی عوام کیلئے 100ملین روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”فلسطین کو امن اور آزادی دو“کے نام سے مہم شروع کر رہے ہیں۔یورپی اور بر طانوی اراکین پارلیمنٹ سمیت پوری دنیا سے رابطے اور ملاقاتیں کروں گا اور اسرائیل کی دہشت گردی کو بے نقاب کیا جائے گا۔ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا پاکستان میں کوئی بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔وہ گور نر ہاؤس لاہور میں ”یکجہتی فلسطین کانفر نس“سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقعہ پر پاکستان عوامی تحر یک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پو،سینیٹر ولید اقبال،(ق) لیگ کے مر کزی رکن چوہدری سالک حسین،جماعت اسلامی کے فر ید احمد پراچہ،سائرن پاکستان کے سر براہ محمد اکرم چوہدری،جسٹس (ر)ناصرہ جاوید اقبال،پاکستان پیپلزپارٹی کے بیر سٹر عامر حسین،فرینڈز آف لاہور کے میاں احسن،ایس ایم منیر،گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور،وائس چانسلرجی سی یونیورسٹی سید اصغر زیدی،سنیئرصحافی مجیب الرحمن شامی،سلما ن غنی اور ارشاد احمد عارف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔گور نر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی کانفر نس کے دوران فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیل کی جاری دہشت گردی اور فلسطینی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی جبکہ اس موقعہ پر فلسطین اور کشمیر میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی اور انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میں فر ینڈ ز آف لاہور کے گوہر اعجاز،ایس ایم منیر اور میاں احسن سمیت بزنس کیمونٹی کے تمام دوستوں کا شکریہ اداکرتاہوں کہ جنہوں نے فلسطینی عوام کے لئے100ملین روپے کی امدادمیں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مزیدامداد فلسطینیوں کو دی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ میں یورپی اور بر طانوی اراکین پار لیمنٹ کے ساتھ رابطوں میں ہوں اور جمعہ کے روز امریکہ بھی جارہاہوں جہاں امریکی اراکین پار لیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے ملاقاتیں کروں گا۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اسرائیلی دہشت گردی نے مظالم میں ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے مگر انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین اور کشمیر آزاد ہوں گے اور انسانیت دشمن اپنے انجام سے دوچارہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا میں امن کے لیے مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو کل نہیں آج ہی حل کر نا ہوگا۔سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری امت مسلمہ کو متحد کر نے کیلئے بھر پور کام کر رہے ہیں میں تمام اسلامی ممالک کی قیادت سے مطالبہ کر تاہوں کہ وہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے ایک ہوں جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف بدتر ین دہشت گردی کر رہا ہے بلکہ انسانی حقوق کا بھی جنازہ نکال رہا ہے۔خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر 22کروڑ پاکستانی متحد ہیں اور وقت آچکا ہے کہ پاکستان سمیت امت مسلمہ فلسطینی عوام کو اسرائیلی دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے میدان نکلیں کیونکہ اسرائیل فلسطینی بہن بھائیوں کی نسل کشی کر رہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔جسٹس (ر) ناصرہ جاوید نے کہا کہ مغرب میں جب انسانی حقوق کا معاملہ ہو تو سب متحد ہو جاتے ہیں مگر انسانی حقوق کے علمبردار ممالک بھی اسرائیلی دہشت گردی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اورکوئی شک نہیں انسانی حقوق سمیت عالمی اداروں کی خاموشی بھی انسانیت کا قتل کر نے کے مترادف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا تو دنیا میں کبھی امن بھی قائم نہیں ہوسکے گا۔ جماعت اسلامی کے فر ید احمد پراچہ نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں جو دہشت گردی کررہا ہے اس پر دل خون کے آنسو کے رو رہا ہے اورآج اگر دنیا نے اسرائیلی دہشت گردی کا نوٹس لیکر اس کو ختم نہ کروایا تو پھر دنیا میں امن بھی ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ متحد کھڑا ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے ایم این اے چوہدری سالک حسین نے کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے مگر مسئلہ فلسطین مذمت نہیں بلکہ امت مسلمہ کے متحد ہونے اور اسرائیل کو بھر پورجواب دینے سے ہی حل ہوگا اس لیے تمام اسلامی ممالک کو اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں ایک ہونا پڑ ے گا۔ تقریب سے دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیلی دہشت گردی کی پُر زور مذمت کی۔  

مزیدخبریں