کوئٹہ(بیورورپورٹ)پارلیمانی سیکرٹری قانو ن و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان میں دو کروڑ سے زائد افراد بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ مرض کی شرح پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے دنیا بھر میں سالانہ ایک لاکھ افراد بلڈ پریشر کے مرض کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلند فشار خون کی آگاہی سے متعلق عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کیا ۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وزن اور بلڈ پریشر کا دل کی بیماریوں سے انتہائی گہرا تعلق ہے۔ لہٰذا دل کے امراض کو کم سے کم کرنے کیلئے موٹاپا اور بلڈ پریشر پر کنٹرول اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ پریشر کے مرض سے محفوظ رہنے کیلئے سادہ طرز زندگی اپنایا جائے مرغن غذاؤں سے پرہیز کیا جائے اور ورزش کو معمول بنایا جائے۔