گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن احسان بھٹہ کے عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کوریلیف کی فراہمی کیلئے مسلسل دوروں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا اور علی الصبح کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسین رضا چودھری‘ ڈی جی پی ایچ اے سجاد ثاقب‘ سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عتیق الرحمن‘ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ شمسی انڈر پاس‘ جی ٹی روڈ گرین بیلٹس‘ گلشن اقبال پارک‘ حیدری انڈر پاس‘ نگار پھاٹک انڈرپاس‘ شیخ محمد دین میونسپل لائبریری‘ سیالکوٹی انڈر پاس اوردیگر عوامی مقامات اور سہولیات کا تفصلی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ افسروںکوانکی مکمل بہتری و بحالی‘ صفائی ستھرائی اور وائٹ واش کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ان ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے گلشن اقبال پارک کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر صفائی کے معیار اور زیر تعمیر جوگنگ ٹریک کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر پارک میں یوگا اور ورزش کیلئے آئے ہوئے لوگوں نے پی ایچ اے کے اقدامات کوسراہتے ہوئے پارک کی جھیل‘ فوارے کی بحالی اور عارضی کینٹین کو ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا جس پر کمشنر نے پی ایچ اے حکام کو اس سلسلہ میں فوری ایکشن کی ہدایت کی،انہوں نے حیدری انڈر پاس کے قریب مجوزہ وائلڈ لائف پارک کی جگہ کا بھی معائنہ کیا اورہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کیلئے پی سی ون جلد تیار کیا جائے تاکہ پنجاب کے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں یہ منصوبہ شامل کیا جاسکے۔ بعد ازاں شیخ دین محمد میونسپل لائبریری کے دورہ میں اس کی مکمل بحالی ایک ماہ میں مکمل کرنے اور دستیاب خالی جگہ پر شجر کاری کی بھی ہدایت کی۔
کمشنر گوجرانوالہ نے شمسی انڈرپاس، گرین بیلٹس کی تعمیر کا جائزہ لیا
May 18, 2022