نواز شریف کو واپس آنا چا ہئے ، طے شدہ رائے اصلاحات کے بعد الیکشن 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس بات کا حامی رہا ہوں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو پاکستان واپس آ جانا چاہیے اور ملک میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا کہ طے شدہ رائے ہے کچھ شعبوں میں اصلاحات کے بعد انتخابی میدان میں اترا جائے، انتخابی اصلاحات میں کتنا وقت لگتا ہے اس بارے میں کوئی بات فوراً نہیں کہی جا سکتی، سوا سال کی مدت ہی تو ہے اس سے آگے تو نہیں جایا جا سکتا، گدلے پانی سے دوبارہ گدلے پانی میں اترنا کوئی معقول بات نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ تباہ و برباد معیشت کو سنوارنا ہے۔ عمران خان نے پچھلے پونے چار سال میں تمام اداروں کو تباہ و برباد کر دیا، اب ہمارے سامنے ایک ہی سوال ہے کیا ہم ملک دوبارہ صحیح راستے میں لا سکتے ہیں، اس کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا۔ عمران خان ایک تباہ حال معیشت دے کر گئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ جلسوں میں زیر بحث نہیں لانا چاہیے، عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سویلین اداروں میں کوئی تقسیم آ جائے تو ازالہ ممکن ہے، لیکن دفاعی اداروں میں تقسیم آ جائے یا سول اداروں کو قومی سلامتی کے اداروں سے لڑا دیا جائے تو پورا ملک اس کی قیمت ادا کرتا ہے، عمران خان کو سازش کے تحت اقتدار میں لایا گیا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین جو چورن بیچنا چاہتے ہیں جوں جوں اس کی حقیقت عوام پر آ شکار ہو گی تو زیادہ دیر تک یہ چورن کسی مارکیٹ میں فروخت نہیں ہو سکے گا۔ کوئی شخص نواز شریف سے ان کی پاکستانیت چھین نہیں سکتا، ذوالفقار علی بھٹو کو کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ ن لیگی قائد نے جیل کاٹی۔ ان کا پورا خاندان جیل میں ڈال دیا گیا۔ عمران خان کون سا فرشتہ ہے کہ اس کے ساتھ کوئی خصوصی رعایت کی جائے۔ ان کی گرفتاری پر جواب آئین اور قانون خود اپنا راستہ بنائے گا۔

ای پیپر دی نیشن