اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)سابق حکومت کے 10بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت سب سے زیادہ پودے صوبہ سندھ میں لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے،سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک بھر میں ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں 10ارب نئے پودے لگائے جا نا تھے ،اس منصوبے کے دوران یہ تاثر دیا گیا کہ پودے صرف خیبر پختونخوا اور پنجاب میں زیادہ لگائے جا رہے ہیں اور ان صوبوں میں یہ منصوبہ زیادہ کا میاب ہے جہاں جہاں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت جا نے کے بعد جو حقائق سامنے آئے ہیں ان کے مطابق سب سے زیادہ پودے سندھ حکومت نے لگائے ہیں ،سرکاری دستاویزات کے مطابق 10بلین ٹری منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 1383.88ملین پودے لگائے گئے جن میں صوبہ سندھ نے 555.073ملین پودے لگائے جبکہ دوسرے نمبر پر صوبہ خیبر پختونخوا نے 495.65ملین پودے،صوبہ پنجاب نے 186.82ملین پودے،بلوچستان نے 7.96ملین پودے،آزاد کشمیر میں 116.879ملین پودے اور گلگت بلتستان میں 22.50ملین پودے لگائے گئے اس طرح اس منصوبے کے تحت صوبہ سندھ سب سے زیادہ پودے لگانے والا صوبہ ہے،اس حوالے سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو لے کربڑا شور مچایا گیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ سندھ پودے لگانے میں سب سے آگے نکل گیا،انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے سے متعلق کرپشن کی شکایات سامنے آئی ہیں جس پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ملک کو درپیش موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔ سرکاری فنڈز کی جوابدہی کرنا پڑے گی۔ ان شکایات پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ نیب اس منصوبے کی تحقیقات کر رہا ہے۔