اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے پیر کوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کو دورے کے موقع پر ایف سی کی سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر بلوچستان کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی اپ ڈیٹ کیا گیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں، طبی سہولیات کی فراہمی اور ہیضے کے علاج کیلئے ادویات کی فراہمی سمیت ضروری امداد کی فراہمی کیلئے فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ وبا سے متاثرہ علاقے میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس ہیضے سے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔