جس اسمبلی میں ختم نبوت پر پہرا دیا‘ شہباز‘ حمزہ نے اسی کا تقدس پامال کیا: پرویزالٰہی 

May 18, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جس اسمبلی میں دین کی سربلندی کا کام ہوا اور جہاں پر تحفظ ختم نبوت پر پہرا دیا گیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اسی ایوان کا تقدس پامال کیا۔ قوم کے سامنے ان کا مکروہ چہرہ عیاں ہو چکا ہے۔ وہ پنجاب اسمبلی کے افسروں سے میٹنگ کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ارکان پنجاب اسمبلی محمد بشارت راجہ، سبطین خان، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن عنایت اللہ لک، ڈائریکٹر سکیورٹی اینڈ انٹیلی  جنس میجر (ر) فیصل حسین، علی عمران رضوی، سپیشل سیکرٹری ایڈمن چودھری عامر حبیب، دیگر افسر بھی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کہنے پر تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلی کے آئین اور قانون کے تقدس کو پامال کیا گیا، اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی بری طرح متاثر ہوئی جس کی اصلاح سزا کے ساتھ ضروری ہے۔ بے گناہ اسمبلی ملازمین کو بلاوجہ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان پر چوری اور ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے بنا کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ ہم اسمبلی کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

مزیدخبریں