ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیر مملکت ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ موجودہ امپورٹڈ حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو دھکا لگنے والا ہے اور سازش کے تحت اقتدار میں لائے جانے والے میر جعفروں اور میر صادقوں کی حکومت کے خاتمے کیلئے عوام یک زبان ہوکر میدان عمل میں نکل چکے ہیں، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن، الیکشن اور صرف الیکشن۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’حقیقی آزادی کی جنگ عمران خان کے سنگ‘‘ کے حوالے سے ملتان میں 20 مئی کو ہونیوالے جلسہ عام اور حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک عامرڈوگر نے یوسی 34،64,65میں اظہر عباس چاؤن کی رہائشگاہ پرمزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان 20 مئی کو ملتان میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے، ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے عوام ان کی آمد کی شدت سے منتظر ہیں۔اس موقع پر مخدوم زین حسین قریشی،حاجی جا وید اختر انصاری،ندیم قریشی، راناسلطان محمود،عبدالمجید گجر، مہر غلام عباس، اطہر عباس چاؤن ودیگر نے بھی اطہار خیال کیا۔