پہلی بار مئی میں پھٹی مارکیٹ میں 10ہزارنی من تک فروخت

May 18, 2022


رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) پاکستان میں کپاس کی نئی فصل کی جزوی آمد شروع،کپاس کے نئے سودوں کا آغاز ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح نو ہزار 500روپے سے دس ہزار روپے فی چالیس کلو گرام تک ہونے کی اطلاعات۔سینئر کاٹن جنرز نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں مئی کے دوسرے ہفتے میں کپاس کی نئی فصل کی آمد شروع ہوئی ہے اور ابتدائی طور پر سندھ کے ساحلی شہروں بدین، ڈگری،ٹنڈو بھاگو،میر پور ساکرو اور کنری وغیرہ جہاں کپاس کی کاشت ہر سال فروری میں ہوتی ہے، میں کپاس کی نئی فصل کی چنائی شروع ہوئی ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے مئی کے آخری ہفتہ میں پاکستان کے دو سے تین شہروں میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا بھی آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں نہری پانی کی شدید کمی اور ریکارڈ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ملک کے دیگر حصوں میں کپاس کی کاشت بہت متاثر ہوئی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سال بھی کپاس کی کاشت اور مجموعی ملکی پیداواری ا ہداف حاصل نہیں کئے جا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ روئی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جس کے دوران کپاس کی پرانی فصل سے تیار روئی کی قیمتیں ریکارڈ ایک ہزار روپے فی من اضافے سے ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 23 ہزار روپے فی من تک پہنچ گئیں جبکہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

مزیدخبریں