سٹاک ہوم(این این آئی)سویڈن نے روس کی ممکنہ جارحیت کے خلاف سدِ جارحیت کے طور پرمعاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کی رکنیت کے لیے باضابطہ طورپردرخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس طرح اس نے کسی فوجی اتحاد کا حصہ نہ بننے اور غیرجانبدار رہنے کا اپنادوصدی پرانا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سویڈش وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن نے پارلیمان میں بحث کے بعد اپنی حکومت کے اس فیصلہ کا اعلان کیا ۔ہمسایہ ملک فِن لینڈ کی جانب سے اسی طرح کے اعلان کے ایک روزبعد اینڈرسن نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت نے اس بابت نیٹو کو مطلع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ سویڈن اس فوجی اتحاد کا حصہ بننا چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم ایک دورکو خیرباد کہ رہے ہیں اور دوسرے دورکا آغاز کررہے ہیں۔نیٹومیں سویڈش سفیر تنظیم کو جلد ہی اس درخواست کے بارے میں آگاہ کردیں گے۔
سویڈن ، نیٹو