ملتان ( نمائندہ نوائے وقت )ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نے گھنٹہ گھر میں " صاف پنجاب مہم" کا افتتاح کردیا ہے۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر بھی انکے ہمراہ تھے۔افتتاح کے موقع پر شہریوں کی آگاہی کے لئے ریلی بھی نکالی گئی جس میں کمپنی منیجرز، ڈپٹی منیجرز، سیکٹر آفیسرز اور کمپنی ورکرز نے شرکت کی۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاف پنجاب مہم کے دوران کچی آبادیوں اور نظر انداز کئے گئے علاقوں پر فوکس کیا جائے گا اور شہر کی ہر یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مہم کو محکمہ لوکل گورنمنٹ آن لائن مانیٹر کر رہا ہے۔اخلاق احمد نے کہا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت ملتان ہماری منزل ہے۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر بتایا کہ کمپنی نے قلیل المدتی صفائی پلان تیار کر لیا ہے محمد فاروق ڈوگرنے کہا شہری صفائی بارے ہیلپ لائن1139 پر شکایات درج کرائیں اور کمپنی سے تعاون کریں۔