کراچی (نیوز رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ سید الشہداء سیدنا حضرت امیر حمزہ اسلام کے عظیم سپاہی جلیل القدر سپہ سالار، بے حد جانباز ، دلیر اور جانثار تھے، جنگ بدر میں بھی حصہ لیا اور خوب داد شجاعت دی۔غزوہ احد میں دشمنان ِ اسلام کا مقابلہ کرتے ہوئے سیدنا امیر حمزہ کی شہادت ہوئی آپ کی وفات پر حضور ختمی مرتبت نے رنج و ملال کا اظہار فرمایا ۔انہوں نے یوم سید الشہداء کی مناسبت سے میمن مسجد مصلح الدین گارڈن جوڑیا بازار میں محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت حمزہ حضور نبی کریم ﷺ کے چچا اور رضائی بھائی ہیں، شجاعت و بہادری آپ کے خاص اوصاف تھے۔ قبول اسلام کے بعد دین مصطفی کی ترویج و دفاع میں پیش پیش رہتے اپنی جواں مردی و بہادری سے دین دشمنوں کے خلاف بر سر ِ پیکار رہے۔ دریں اثنا ۔جما عت اہلسنّت کے رہنمائوں علامہ شاہ عبد الحق قادری، ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری ،علامہ سید عبد القادر شیرازی،علامہ خلیل الرحمان چشتی،مولانا الطاف قادری،مفتی محمد میاں برکاتی،علامہ کامران رضوی،سید رفیق شاہ،مفتی بلال قادری ،علامہ اکرام المصطفیٰ ،علامہ شوکت سیالوی،عبد اللہ میمن ،شفیع رانا نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گر د مذموم کاروائیوں کے ذریعے ایک بار پھر شہر کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔رہنمائوں نے جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا ۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لا کر کیفر کردار تک پہنچائیں۔