لاہور(کامرس رپورٹر )آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین طارق وزیر علی نے کہا ہے کہ سعودی صنعتکار پاکستان کی پٹرولیم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں، وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا دورہ، ملکی معیشت کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ وہ سعودی مرابہا مرینہ کمپنی کے وفد سے آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں چیئرمین عبدالرحمان اور دیگر افسر شامل تھے،طارق وزیر علی نے کہا کہ سعودی مرابہا مرینہ کمپنی پاکستان میں پٹرولیم، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، جس کیساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر جب ملکی معیشت مشکل وقت سے گزر رہی ہے، کسی بھی قسم کی غیر ملکی سرمایہ کاری تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی۔ سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو اس طرح کی شراکت داریوں سے مزید بڑھ جائینگے۔ سعودی کمپنی مرابہا مرینہ کے چیئرمین عبدالرحمان نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ پٹرولیم، زراعت اور ہاؤسنگ جیسے شعبوں کا انتخاب کیا۔
سعودی کمپنی: پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند،تعاون کریں گے:طارق وزیرعلی
May 18, 2022