فیصل آباد (این این آئی )ملک کے نامور ماہر معاشیات اور سٹیٹ بنک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ سائنس دانوں خصوصاً باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی کے حامل زرعی سائنس دانوں کو بنیادی پے سکیل کی بجائے پرکشش مراعاتی پیکیج دیئے جائیں تاکہ وہ مکمل یکسوئی اور محنت کے ساتھ دیہی و معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو سینٹ ہال میں محکمہ زراعت حکومت پنجاب ’’ریسرچ ونگ‘‘ کے زیرتربیت افسروں ، یونیورسٹی ڈینز اور ڈائریکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ سائنسی ترقی میں وہ جاپان‘ کوریا اور چین سے بے حد متاثر ہیں، جنہوں نے ریسرچ و ڈویلپمنٹ کو غیرمتزلزل قومی مقصد کے طو رپر آگے بڑھاتے ہوئے اپنی معیشت کی بنیاد بنایا۔انہوں نے کہا کہ آج چین زیادہ علم سامنے لانے میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ گیا ہے جو یقینی طو رپر اس خطہ کے سائنس دانوں کیلئے ترقی کا نیا موقع ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں‘ ڈائریکٹر جنرل ریسرچ، ڈاکٹر محمد نواز میکن اور پنجاب زرعی تحقیقاتی بورڈ (پارب) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عابد محمود بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ تمام شعبہ جات میں کام کرنے والے سائنس دانوں اور ان کی تحقیقات کا قومی ڈیٹا بنک بنایاجانا چاہئے ،جس سے ان کا کام قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوگا اورسائنس دان پہلے سے کئے گئے کام کو آگے بڑھانے کیلئے کاوشیں بروئے کار لائیں گے ۔ تعلیم و تحقیق میں بہتر کوارڈی نیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سائنس دانوں کے ساتھ ساتھ سائنسی اداروں اور کاشتکاروں کے مابین روابط کو مضبوط اور باقاعدہ بنانا ہوگا تاکہ محدود وسائل میں بہترنتائج حاصل کئے جا سکیں۔