اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان صنعتی سرمایہ کاری کیلئے نئے افق کھولے ہیں، خیبر پی کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر میں چینی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، مقامی اور غیر مقامی سرمایہ کاروں کیلئے ایسا ہی ایک موقع بونیر ماربل سٹی ہے۔ خیبرپی کے اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ضلع بونیر کے علاقے بامپوکھہ میں بی ایم سی تعمیر کر رہی ہے جو تقریباً 126.4 ایکڑ پر پھیلا ہے،خیبرپی کے اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے سرمایہ کاروں سے پلاٹوں کے حصول کیلئے آن لائن درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔بی ایم سی بونیر کا پہلا اقتصادی ادارہ جو قدرتی وسائل، خاص طور پر سٹون انڈسٹری کی قدر میں اضافہ کریگا، یہ زون پائیدار صنعتی انقلاب کیلئے مربوط انفراسٹرکچر کیساتھ ساتھ کاروبار دوست ماحول فراہم کرکے نئے کاروبار کو راغب کریگا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بونیر میں سنگ مرمر کی سالانہ پیداوار 2.6 ملین ٹن، ڈولومائٹ 18684 ٹن، فیلڈ اسپر 5157 ٹن ہے جبکہ گرینائٹ، چونا پتھر اور بیریم بھی پائے جاتے ہیں۔
،چینی انجینئرز اور کارکن پہلے ہی بونیر کی ماربل کی مختلف کانوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کئی چینی سرمایہ کاروں نے خیبر پی کے اپنے حالیہ دورہ کے دوران، لوہے اور تانبے کی کان کنی میں سرمایہ کاری اور معدنی پروسیسنگ یونٹس کے قیام اور موجودہ لیز ہولڈرز کیساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔