پی وی سی اینڈ پلاسٹک پائپ انڈسٹری : اضافی ٹیکسز ختم کرنے پر زور

 لاہور(کامرس رپورٹر ) ایف پی سی سی آئی نے حکومت پرمقامی صنعتوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پی وی سی اینڈ پلاسٹک پائپ انڈسٹری پر عائد اضافی ٹیکسز فوری ختم کرنے پر زور دیا ہے۔پی وی سی اینڈ پلاسٹک پائپ انڈسٹری کے خام مال پر عائد کسٹم اورریگولیٹری ڈیوٹی کم کی جائے۔ان خیالات کا اظہارایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ اور ریجنل چیئرمین ندیم قریشی نے آل پاکستان پی وی سی اینڈ پلاسٹک پائپ مینوفیکچررز ایسوسی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ پی وی سی و پلاسٹک پائپ مینوفیکچررز ایسوسی کے چیئرمین نسیم شاہد مغل نے انڈسٹری کو در پیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پی وی سی و پلاسٹک پائپ خام مال پر کسٹم ڈیوٹی 13فیصدہے،جوخام مال پی وی سی پائپ انڈسٹری کی ضرورت اسے ایکسپورٹ کر دیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں 11فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہے۔کئی ممالک کے را میٹریل پر انٹی ڈپینگ لگا دی گئی ہے۔فیڈریشن چیمبر سے درخواست ہے کہ پی وی سی و پلاسٹک پائپ انڈسٹری پر عائد11فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کو 5فیصد کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پرانی مشینری کی امپورٹ پر جنرل سیلز ٹیکس اورڈیوٹی کوبھی ختم کیا جائے۔اس موقع پر عرفان اقبال شیخ اور ندیم قریشی نے وفد کو فیڈریشن چیمبر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اگلے ہفتے پی وی سی و پلاسٹک پائپ ایسوسی ایشن کی میٹنگ وزیر خزانہ و ریونیو مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے کرائی جائے گی، ایف پی سی سی آئی تمام ٹریڈ باڈیز کے مسائل حل کرانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن