اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)میٹروپولیٹن کارپور یشن اسلام آباد (ایم سی آئی ) نے تاجروصنعتکار برادری کی آسانی کے لیے اسلام آباد میں موجودہ کمرشل و صنعتی بلڈنگز کے لیے فائر فائٹنگ رولز پر نظرثانی کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔اس آمادگی کا اظہار ایم سی آئی کے ڈائریکٹر ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سید کاشف شاہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی ) میں تاجر برادری کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے ڈائریکٹر ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ سید کاشف شاہ کو موجودہ کمرشل و انڈسٹریل بلڈنگز کیلئے ایم سی آئی کے فائر فائٹنگ رولز کی وجہ سے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ چیمبر کے سنیئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، فانڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک ، سابق صدور طارق صادق، محمد اعجاز عباسی اورباصر داؤد سمیت محمد نوید ملک، خالد چوہدری، ثناء اللہ خان، میاں وقاص مسعود، ذکریا ضیائ، محمد علی مرزا، عمیس خٹک، اشفاق چٹھہ، طاہر ایوب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محمد شکیل منیر نے کہا کہ ایم سی آئی کے فائر فائٹنگ کے موجودہ رولز کے مطابق موجودہ کمرشل و انڈسٹریل بلڈنگز میں فائرفائیٹنگ کے آلاکات لگانا ممکن نہیں ہے کیونکہ ان پر بہت زیادہ لاگت آتی ہے جبکہ موجودہ بلڈنگز کا ڈھانچہ ان پر عمل درآمد کیلئے سازگار نہیں ہے۔ تاہم اس صورتحال کی وجہ سے کئی کمرشل و انڈسٹریل بلڈنگز کی تکمیل کے سرٹیفکیٹ عرصہ دراز سے سی ڈی اے میں زیر التواء ہیں جس سے بزنس کمیونٹی کو مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ آئی سی سی آئی اور ایم سی آئی کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو ایم سی آئی کے بلڈنگ کوڈز اور فائر فائٹنگ رولز کا جائزہ لے اور ان میں ضروری ترامیم تجویز کرے تاکہ انہیں موجودہ کمرشل و انڈسٹریل بلڈنگز میں قابل عمل بنایا جا سکے اور کاروباری برادری کو اس بنا پر درپیش مشکلات سے بچایا جا سکے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سید کاشف شاہ نے کمیٹی کی تشکیل کے لیے چیمبر کے صدر کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ کمیٹی فائر فائٹنگ رولز میں ترامیم کے لیے تجاویز تیار کر کے پیش کرے جن کو منظوری کے لیے سی ڈی اے بورڈ میںپیش کیا جائے گا۔