ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی

May 18, 2022

 کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) کی قانونی حیثیت کو چلینج کرنے اور بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں بے اختیار بلدیاتی سیٹ اپ کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ یہ درخواست رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل، سابق میئر کراچی وسیم اختر اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے سابق چیئرمینوں کی جانب سے طارق منصور ایڈوکیٹ کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان مکمل نہیں اس لیے ای سی پی کو بلدیاتی انتخابات کے بارے میں فیصلے نہیں کرنا چاہیے، ایسی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے 29اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کالعدم اور غیر آئینی قرار دے۔ ایم کیو ایم نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول، ضلع کونسل کی حدود سمیت دیگر فیصلے غیر قانونی قرار دئیے جائیں۔ درخواست میں چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن پاکستان، الیکشن کمیشن سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
ایم کیو ایم/الیکشن کمیشن

مزیدخبریں