پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کابینہ نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے نکلنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں انصاف فوڈ کارڈ کے اجرا کی منظوری دی گئی ہے اور فوڈ کارڈ کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ انصاف فوڈ کارڈ کے ذریعے غریب گھرانوں کو آٹا اور دیگر اشیائے خورونوش مفت ملیں گی اور مجموعی طور پر 10 لاکھ گھرانے انصاف فوڈ کارڈ سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق گھرانوں کو ماہانہ 2100 روپے دیے جائیں گے اور احساس پروگرام کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مستحق خاندانوں کوانصاف فوڈ کارڈ دیا جائے گا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ 1.2میٹرک ٹن گندم کے بجائے 1.4میٹرک ٹن گندم کی خریداری پنجاب اور پاسکو سے کی جائے گی، پنجاب سے دو مختلف مراحل میں گندم کی خریداری کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ صوبائی کابینہ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکلنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے منصوبے کی مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری دی۔
علیحدگی کا اعلان