پنجاب اور سندھ میں ڈائریا اور ہیضے کے مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ

May 18, 2022 | 12:35

ویب ڈیسک

لاہور میں 5بڑے سرکاری اسپتالوں میں 4دن میں2ہزارسے زائد مریض رپورٹ ‘سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 2400 بچوں میں ڈائریا کی تصدیق 

 لاہور میں ہیضہ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 2400 بچوں میں ڈائریا کی تصدیق ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں ڈائریا اور ہیضے کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، صوبے کے سب سے بڑے شہر لاہور میں 5بڑے سرکاری اسپتالوں میں 4دن میں2ہزارسے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیضے کے سب سے زیادہ کیسز میو اور جناح اسپتال میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 800سے زائد ہے۔ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ سروسز اور گنگا رام اسپتال میں 200 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کیلئے اہم اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔دوسری جانب صوبہ سندھ میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2400 بچوں میں ڈائریا کی تصدیق ہوئی ہے، صرف کراچی کے مختلف اضلاع میں 33 بچے ڈائریا کا شکار ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق پانچ سال سے کم عمر کے 1055 بچے ڈائریا کا شکار ہوئے جبکہ پانچ سال سے زائد عمر کے 1344 بچے ڈائریا میں مبتلا ہوئے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 277 بچے ٹنڈومحمد خان میں رپورٹ ہوئے ہیں، ڈائریا کے سب سے کم شکارپور میں 8 بچے متاثر ہوئے ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موجودہ موسم میں ڈائریا بڑھتا ہے، عوام اس موسم میں بچوں کا خاص خیال رکھیں، گرمی کی شدت میں اضافہ ڈائریا پیچش اور ہیضہ بڑھاتا ہے۔

مزیدخبریں