کراچی؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 21 مئی کو کراچی سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔ مجموعی طور پر 315 خصوصی پروازوں کے ذریعے 65 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے حج آپریشن برائے 2023 کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، پی آئی اے قبل از حج آپریشن 21 مئی سے شروع کرے گی، پہلی حج پرواز پی کے773 کراچی سے 21 مئی کو مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔ قبل ازحج آپریشن 22جون تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے 315 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے65 ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ ذرائع کے مطابق حجاج کرام کی وطن واپسی 2 جولائی سے شروع ہوگی اور 2 اگست تک حاجیوں کی وطن واپسی کا آپریشن جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر حج لاہور اقرار احمد نے کہا ہے کہ گورنمنٹ سکیم کے عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، عازمین حج اپنی روانگی پرواز سے 10 دن پہلے آ کر ویکسین لگوائیں، عازمین حج کو گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا سے بچائوکے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام عازمین حج کو پولیو ویکسین کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، عازمین حج کو کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز صرف ایسے عازمین کو لگائی جائے گی جنہوں نے گزشتہ چھ ماہ میں یہ ویکسین نہیں لگوائی۔ حاجی کیمپ نکلسن روڈ میں عازمین حج کی ویکسی نیشن صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ عازمین حج ہفتے اور اتوار کو بھی ویکسین لگوانے آسکتے ہیں۔ عازمین حج کی ویکسی نیشن کا سلسلہ کسی تعطل کے بغیر 22 جون تک جاری رہے گا۔