لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، مانسہرہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور، گوجرانوالہ، پشاور اور مانسہرہ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ق کی زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے آرمی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے، ان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے، ایک شخص لیڈر بنتا ہے اور لوگوں کو اکساتا ہے، آرمی چیف سپہ سالار ہوتا ہے اور اس کے خلاف جو بات ہو گی وہ فوج کے خلاف تصور کی جائے گی، پی ٹی آئی پر عوام خود ہی پابندی لگا دے گی، ریلی مسلم لیگ ہاؤس سے لاہور پریس کلب تک نکالی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں توڑ پھوڑ اور نقص امن پیدا کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف آرگنائزر چوہدری سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ چوہدری سرور نے کہا کہ جو کام بھارت اور دہشت گرد نہیں کر سکے وہ چند شرپسندوں نے کر دکھایا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ نو مئی کو جو کچھ ہوا وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ ریلی کے شرکاء نے فوج کے حق میں نعرے لکھے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ گوجرانوالہ میں سنی علماء کونسل‘ پاسبان پاکستان‘ جمعیت اشاعت توحید وسنہ، تاجران امن کمیٹی اور انجمن تاجران پرانی سبزی منڈی کے زیراہتمام استحکام پاکستان ویکجہتی پاک فوج ریلی کا انعقادکیا گیا۔ مقررین نے ریلی کے شرکاء سے دوران خطاب کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی، سلامتی، استحکام اور بقا میں اس ملک کی افواج کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے‘ جس قدر افواج مضبوط اور مستحکم ہوں گی اسی قدر ملک کی سرحدیں محفوظ ہوں گی‘ جس ریاست کی فوج کمزور ہو جائے دشمن اسے آسانی کے ساتھ فتح کر سکتے ہیں‘ پاکستان ایک اسلامی ریاست اور اللہ تعالی کے رازوں میں سے ایک راز ہے‘ پاکستان اللہ تعالی کی خاص حکمت سے ایک خاص مقصد کے لئے قائم ہوا ہے اور اس کے تحفظ کے لیے علماء نے ہمیشہ افواج پاکستان کے سر پر ہاتھ رکھا ہے۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ پشاور اور ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے سابق سیاسی قائدین کی قیادت میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور سے اظہار یکجہتی کیللئے قلعہ بالا حصار تک ریلیاں نکالی گئیں۔ فوج اور فرنٹیئر کور کے حامی پیغامات سے مزین پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ریلیوں کے شرکاء نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے حق میں پر جوش نعرے لگائے اور بہادر سپاہیوں کی بھرپور تعریف کی۔ ریلیوں کے دوران مقررین نے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قبائلی اضلاع میں قیام امن کیلئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے لاری اڈہ مانسہرہ میں ٹرانسپورٹرز اور سول سوسائٹی نے ریلی نکالی۔ لوئر وانا میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں احمد زئی وزیر قبائل کے عمائدین اور معزین نے شرکت کی۔ قبائلیوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔
پاک فوج کے حق میں ریلیاں ، پی ٹی آئی پر پابندی لگنی چاہیے، چودھری شجاعت
May 18, 2023