9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران نے کی: مریم اورنگزیب

May 18, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان نے کی اور سول تنصیبات پر توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف سویلین قوانین کے تحت کارروائی ہوگی جبکہ فوجی تنصیبات کی حدود آرمی ایکٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے بیانات اور تقریروں میں دو جھنڈے رکھ کر گفتگو کرتے ہیں اور جھنڈے کی تضحیک کرتے ہیں۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے جھنڈے جلائے۔ جس پرچم کو ہم چومتے ہیں اور نیچے نہیں گرنے دیتے، اس کو نذر آتش کیا گیا۔ سویلین تنصیبات پر توڑ پھوڑ کی کارروائی سویلین قوانین انسداد دہشت گردی قوانین کے مطابق ہوگی۔ جتنی فوجی تنصیبات ہیں ان کی حدود میں فوجی قوانین ہیں۔ آئین کے مطابق اس حدود کا تعین کیا گیا، اسی کے مطابق ٹرائل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو سوچنا پڑے گا کہ اگر دہشت گرد، مسلح جتھے اور ان تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے کو عدالت میں خوش آمدید کہا جائے گا تو اس تمام مائنڈ سیٹ کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے 4 برس روزگار اور قومی خزانے پر ڈاکا ڈالا، خارجہ پالیسی تباہ کی، سماج کو تباہ کیا، برداشت اور تحمل پر حملہ آور ہوا کیا اور وہ ’گڈ ٹو سی یو‘ اور ’گڈ لک‘ کا مستحق ہے۔ ہمیں آج فیصلہ کرنا پڑے گا، یہ تماشا ختم ہونا چاہیے۔ عمران خان کے ٹرائل کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جرم کے مطابق متعلقہ قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈیگلیش نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان سوشل اور آن لائن میڈیا پر نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے رویوں سے متعلق مواد کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں میڈیا کے مختلف شعبوں، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا ٹریننگ اور فلم سازی میں تعاون سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مریم اورنگزیب نے کہا دونوں ممالک کے درمیان احترام اور باہمی اعتماد پر مبنی دوستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ اس موقع پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سمیت اطلاعات کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے اقتصادی بحران کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں