اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ 9مئی کو قوم کی توہین کرنے والوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہا حالیہ المناک واقعات دوبارہ کسی قیمت پر بھی رونما نہیں ہونے دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سب سے پہلے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جْھومر ہیں جن سے آخرت میں اعلیٰ مقام کا وعدہ کیا گیا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستانی عوام کے دلوں میں شہداء کا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا۔ ریاست پاکستان اور مسلح افواج تمام شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور مستقل طور پر ان کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا شہداء مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستان کے عوام کے لیے حوصلہ اور فخر کا باعث ہیں۔ آرمی چیف نے کہا حالیہ المناک منظم منصوبہ بندی ایسے واقعات کی اب کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔ آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنز کی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آرمی چیف نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور اندرونی اور بیرونی چیلنجز بشمول پروپیگنڈا وار فیئر سے نمٹنے کے لئے ہر طرح کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر کمانڈر گوجرانوالہ کور نے ان کا استقبال کیا۔
شہدا کا عظیم مقام عوام کے دلوں میں ہمیشہ قائم رہے گا: آرمی چیف
May 18, 2023