مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ کارروائی کو سیاسی جماعت پر کریک ڈاؤن کہنے والا بے ایمان ہے۔ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے ایک گینگ تھی جسے غلط وجوہات پر وجود میں لایا گیا،یہ تشدد، تباہی اور بدتمیزی کے علاوہ کبھی کسی چیز کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی موجودہ کارروائی کو سیاسی جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن جیسا دکھانا چاہتا ہے، وہ بے ایمان ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بغیر کسی روک ٹوک کے سیاسی جماعت کی آڑ میں کام کرنے کی اجازت دی گئی، بغیر روک ٹوک کےکام کرنے دینے سے 9 مئی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی تکبر، رعونت کا پہاڑ ہوا کرتے تھے، آج عبرت کانشان بنے بیٹھے ہو، نوازشریف اور ہر اس شخص سے معافی مانگو جس پرجھوٹےالزام لگائے اور تکلیف پہنچائی، یہ گرہیں جو تمہیں دانتوں سےکھولنی پڑرہی ہیں تم نےخودلگائی تھیں۔