لاہور (کامرس رپورٹر ) پنجاب کے وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری شافع حسین نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کو پنجاب میں ملبوسات کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے صنعتی پارکوں کی تعمیر میں تیزی لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وہ اپٹما کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس کی قیادت چیئرمین نارتھ کامران ارشد کررہے تھے۔ وفد میں سینئر وائس چیئرمین اسد شفیع، ایگزیکٹو مسٹر محمد علی اور سیکرٹری جنرل محمد رضا باقر شامل تھے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حال ہی میں صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کی ہے جو کہ دنیا بھر میں بالعموم اور بنگلہ دیش میں بالخصوص گارمنٹس سٹیز کے قیام اور آپریشن کی طرز پر بہترین طرز عمل کا جائزہ لے گی۔ ایسے صنعتی پارکوں کو غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے جدید ترین انفراسٹرکچر سے لیس کیا جائے گا۔ کمیٹی موجودہ انڈسٹریل سٹیٹس یا نئی جگہوں پر گارمنٹس پارکس کے قیام کے تمام پہلوؤں پر سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپٹما اس سلسلے میں حکومت پنجاب کو تمام تکنیکی مدد اور معلومات فراہم کرے گی۔ اپٹما نارتھ کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا کہ سرپرست اعلیٰ اپٹما گوہر اعجاز نے ملبوسات کی تیاری کیلئے وقف جدید صنعتی زونز کی تعمیر کے ذریعے صوبے میں ملبوسات کے شہروں کا وژن پیش کیا ہے۔