لاہور(نامہ نگار)سیف سٹی اتھارٹی نے آفس جاتی خاتون کو ہراساں کرنے والے دواوباش نوجوانوں کو گرفتارکروادیا ہے۔ راوی روڈ کے قریب دواوباش نوجوانوں نے خاتون کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔خاتون نے الزام لگایا کہ اوباشوں نے گاڑی کیساتھ موٹر سائیکل لگائی اور دروازے پر زور زور سے ہاتھ بھی مارا۔خاتون نے ویمن سیفٹی ایپ کے "چیٹ فیچر" کے ذریعے ہراسگی کی شکایت درج کروائی۔ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے فوراً پولیس کو موقع پر بھجوایا۔خاتون کے بتائے گئے حلیے اور لوکیشن سے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ملزمان کو تلاش کیا گیا۔ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے خاتون کی شکایت پر ایف آئی آر درج کروائی اور تمام شواہد پولیس کو فراہم کئے۔ترجمان سیف سٹیز کا کہنا تھاکہ خواتین کسی بھی ایمرجنسی میں 15 پر کال کر کے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔