ملزموں کی گرفتاری پر مقدمہ کی تاریخ، وقت، لوکیشن‘ بروقت اندراج یقینی بنانے کاحکم

May 18, 2024

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس احمد کی زیر نگرانی انویسٹی برانچ کا اعلی سطحی ویڈیو لنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب نے افسران کومعزز ہائی کورٹ کے جاری کردہ احکامات پرمن و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس احمد نے چار اہم کیسز میں عدالتی احکامات کی فردًا فردًا وضاحت کی۔ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس احمدنے کہاکہ ملزمان کی گرفتاری پر مقدمہ کی تاریخ، وقت، لوکیشن روزنامچہ میں بروقت اندراج یقینی بنایا جائے جبکہ ملزم کو برائے تفتیش حوالات سے باہر نکالنے پر بھی روزنامچہ میں اندراج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تفتیشی آفیسرکے پاس ایسا کوئی جواز نہیں کہ وہ ضمنیات اپنے ماتحتان سے لکھوائیں لہذا تمام تفتیشی افسر تمام تر ضمنیاں خود لکھیں۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب نے ہدایت کی کہ ضابطہ فوجداری دفعہ 173 کی رپورٹ 24 گھنٹے میں محافظ برانچ جمع کروائی جائے۔ انویسٹی گیشن برانچ پنجاب نے کپیسٹی بلڈنگ کورسز کروائے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف کیٹیگریز کے 10426ماسٹر ٹرینر تیار کئے گئے ہیں۔ ضلعی افسران تفتیشی افسران کی کیٹگرائزیشن کریں، کیٹگری کے مطابق کیسز کی تفتیش سپرد کی جائے۔

مزیدخبریں