لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈکیتی، قتل، بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین مقدمات کامیابی سے ٹریس آؤٹ کرنے پر سی آئی اے لاہور اور شیخوپورہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم کا قلع قمع کرنیوالے بہادر افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فرض شناس اور بہادر جوانوں کی عزم و ہمت روشن مثال ہے، انکی حوصلہ افزائی سے پوری فورس میں بہتر کارکردگی کا جذبہ موجزن ہوگا۔ جرائم کی سرکوبی کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنیوالے افسران و اہلکار اصل ہیروز ہیں، تعریفی اسناد و انعامات شاندار کارکردگی کا نعم البدل نہیں، مقصد خدمات کو سراہنا ہے،آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی آئی اے لاہور کی 8 اور شیخوپورہ پولیس کی 10 ٹیموں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔