لاہور(لیڈی رپورٹر) ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور برٹش کونسل کے تعاون سے اسلام آباد میں سٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ریاضی) کی تعلیم پر 2 روزہ قومی کانفرنس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ یہ کانفرنس برٹش کونسل کے سٹیم ایجوکیشن پروجیکٹ کا حصہ تھی اور اس کا مقصد پاکستان بھر میں سٹیم تعلیم میں جدت اور عمدگی کو فروغ دینا تھا۔ کانفرنس میں 45 تحقیقی مقالوں کی پیشکشیں پیش کی گئیں جن میں سٹیم ایجوکیشن کے اندر موضوعات کی ایک وسیع رینج شامل تھی، جس میں اس شعبے میں ہونیوالی تازہ ترین پیشرفت اور تحقیقی نتائج کو دکھایا گیا تھا۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار پہلے دن کے مہمان خصوصی تھے اور ایڈوائزر منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ذوالفقار علی قزلباش مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر محمد مختار نے پاکستان کے تمام حصوں میں تعلیم کو پھیلانے والی ورچوئل یونیورسٹی کی تعلیمی کوششوں کو سراہا۔ذوالفقار علی قزلباش نے بتایا کہ حکومت سکول سے باہر بچوں کیلئے ورچوئل سکول سسٹم پر کام کر رہی ہے۔ کانفرنس میں شرکت کرنیوالے معزز مہمانوں میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے سابق چیئرپرسن ڈاکٹر شاہد بیگ بطور مہمان خصوصی شامل تھے۔ بہترین پوسٹر مقابلے کے فاتحین کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔ پہلا انعام 20 ہزار، دوسرا انعام 15 ہزار اور تیسرا انعام 10 ہزار روپے دیا گیا۔ کانفرنس کے اختتام پہ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم نے مہمانوں اور شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی۔