لندن؍ کھٹمنڈو (این این آئی) رواں ماہ بھارتی مصالحہ جات پر کئی ممالک کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اب نیپال نے بھی بھارتی مصالحہ جات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق نیپال کے فوڈ ٹیکنالوجی اور کوائلٹی کنٹرول کے ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی مصالحہ جات کی امپورٹ‘ سیل اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نیپال نے بھارتی مصالحہ جات کی کمپنیوں ایویریسٹ اور ایم ڈی ایچ پر پابندی لگائی ہے جبکہ نیپالی حکومتی ذرائع کے مطابق ان مصالحہ جات میں خطرناک اور مضر صحت کیمیکل ایتھیلین آکسائیڈ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ نے بھارت سے مصالحوں کی درآمدکی جانچ کا نظام سخت کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برطانیہ کی فوڈ سٹینڈرڈ ایجنسی نے بھارتی مصالوں میں ایتھیلین آکسائیڈ سمیت کیڑے مار ادویات کی آمیزش پائی جانے پر انکی درآمد کے حوالے سے نئے قوائد وضوابط نافذ کر دیئے ہیں۔ فوڈ پالیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیمز کوپر نے ایک بیان میں کہ یہاں ایتھیلین آکسائیڈ کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ہانگ کانگ نے بھی بعض بھارتی مصالحوں پر پابندی لگارکھی ہے جبکہ نیوزی لینڈ، امریکہ اور آسٹریلیا میں بھی بھارتی مصالحوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔