پاکستان سنٹرل ایشین والی بال کا چیمپئن‘ ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پہلا سلور میڈل 

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے ترکمانستان کو شکست دے کر سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیت لی۔فائنل میں پاکستان نے ترکمانستان کو 1-3 سے شکست دی،  پاکستان کی جیت کا سکور 21-25، 19-25 ، 25-20 اور 14-25 رہا۔ایونٹ میں پاکستان ناقابلِ شکست رہا، مسلسل 6 میچز جیتے، قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 18 سیٹ جیتے اور 3 ہارے۔اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں کرغزستان نے سری لنکا کو ایک کے مقابلے تین سیٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ مختلف ممالک سے سفرا نے بھی فائنل میچ دیکھا۔ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے کیروگی ایونٹ کے 54 کیٹیگری کے فائنل میں سعودی عرب کے حمدی ریاد  نے پاکستان کے شاہ زیب خان کو شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ویتنام میں ہونے والی چیمپئن شپ کے فائنل کے پہلے راؤنڈ میں شاہ زیب نے سعودی مدمقابل کیخلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے راؤنڈ میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین سخت مقابلے دیکھنے میں آیا جس میں حمدی ریاد نے 8 کے مقابلے میں 9 پوائنٹس حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔تیسرے اور فیصلہ کن راؤنڈ میں ریفری نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف کئی متنازعہ فیصلے دیے۔حمدی ریاد نے 3 کے مقابلے میں 7 پوائنٹس کے فرق سے گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ شاہ زیب خان سلور میڈل کے حق دار ٹھہرے۔شاہ زیب خان نے ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی تاریخ میں پاکستان کیلئے پہلا سلور میڈل جیتا ہے۔ دیگر مقابلوں میں 87 ویٹ میں پاکستان کے احتشام الحق کو بھارت کے ریشبھ نے 2-1 شکست دی۔ 58 کیٹیگری میں سعودی عرب کے جار یوسف نے پاکستان کے ابوبکرصدیق کیخلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی جبکہ خواتین کی 73 ویٹ میں کوریا کی مایونگ می نا نے پاکستان کی ملیحہ کو 2-0 سے ہرا دیا۔

ای پیپر دی نیشن