لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے ہتک عزت بل کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کا مطالبہ کردیا، اپوزیشن رکن رانا شہباز کاکہناتھاکہ کمیٹی کیلئے اپوزیشن سے نام ہی نہیں لئے گئے، پنجاب اسمبلی میں انکشاف کیاگیا جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ملک کی ایک کروڑ پینتیس لاکھ لڑکیوں کی شادیاں نہیں ہو سکیں، وزیر سوشل ویلفیئر نے کہاکہ محکمہ جلد ایسا قانون لائے گا جس سے جہیز کیسے مسائل کا سامنا نہیں رہے گا، اپوزیشن رکن کو اسمبلی میں داخلے سے روکے جانے پر ایوان میں شور شرابا برپا رہا پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے پانچ منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا۔قبل ازیں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا قصور سے اپوزیشن رکن راشد طفیل کی اسمبلی گیٹ پر توہین پر حکومت سے نوٹس کی اپیل، اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اسمبلی گیٹ پر راشد طفیل اور بیٹے سے بدتمیزی کی گئی ہے، نوٹس لیاجائے، اسمبلی سکیورٹی اہلکار نے میرے گاڑی میں بیٹھنے کی باوجود اسمبلی دروازہ نہیں کھولا۔ ممبر کی یہی عزت ہے تو سکیورٹی والوں کو ایوان میں بٹھا دیں۔ ہمیں گھر بھیج دیں، ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ بہت زیادہ سکیورٹی تھریٹس ہیں، تحقیقات کروا لیتا جو اسمبلی آفیسر ملوث پایا گیا اسے معطل بھی کریں گے۔ حکومتی رکن احسن رضاخان نے بھی اپوزیشن کی آواز میں آواز ملا دی،کہا،ممبران کو روکنے کی گندی روایت پرویز الٰہی دور میں ڈالی گئی، حافظ فرحت عباس نے ڈپٹی سپیکر پر سخت الفاظ سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دور میں تو روایت ایک قدم آگے چلی گئی ہے،روکنا مبر کی توہین ہے۔وقفہ سوالات میں حکومتی رکن امجد علی جاوید کی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کے جوابات پر سخت تنقید۔جوابات سے مطمئن نہ ہو سکے۔ ڈپٹی سپیکر نے درست جواب دینے کی ہدایت کی۔ وزیر کھیل فیصل ایوب نے واضح کیا کہ جو لوگ محکمہ کھیل پر بوجھ ہیں انہیں گھر جانا ہوگا،سکروٹنی کروا رہے ہیں جو گھوسٹ ملازمین ہیں ان کا پتہ لگوائیں گے۔ بائیومیٹرک مشین لگا دی ہے تاکہ شفافیت آ سکے، عید الفطر کے بعد 571 لوگوں کی سکروٹنی ہوچکی ہے، 32000روپے ڈیلی ویجز ملازمین کو دئیے جاتے ہیں اور ایک کمپوٹر آپریٹر کو مہارت کی وجہ سے 40 ہزار روپے دے رہے۔ اپوزیشن رکن احمر رشید بھٹی نے حکومتی رکن پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ امجد علی جاوید کو وزیر پارلیمانی امور بنایا جائے ۔ ارشد ملک ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ساہیوال میں بھی سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیاجائے۔ اپوزیشن رکن رانا شہباز اور رانا آفتاب احمد نے ڈیفیمیشن بل پر شدید تحفظات کااظہار کردیا، ڈیفیمشین بل کی کمیٹی کیلئے کوئی نام اپوزیشن سے نہیں لئے گئے لہذا یہ کمیٹی دوبارہ بنائی جائے۔کمیٹی ممبر کے دستخط نہیں تو یہ بل چیلنج ہوجائے گا ،بغیر منٹس آف میٹنگ کے دستخط یہ بل غیر قانونی ہوجائے گا۔ اپوزیشن رکن بریگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق احمد نے زیرو آور میں سیمنٹ فیکٹری سے موذی امراض کے پھیلائو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب وال سیمنٹ فیکٹری تحصیل پنڈ داد خان اور ضلع چکوال میں آبی زمینی اور فضائی ماحول کو خراب کررہی ہے۔ موذی امراض پیدا ہو ے ہیں، مصوبائی مجتبیٰ شجاع الرحمن نے جواب میں کہا کہ غریب وال میں سیمنٹ فیکٹری بند پڑی ہے، وزیر بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دار الامان کی نوے فیصد تعمیر مکمل ہوگئی ہے یقین دہانی کرواتا ہوں کہ اسے سو فیصد مکمل کریں گے۔اپوزیشن رکن حنبل ثناء کریمی نے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پر سوال اٹھا دیا۔ وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ کارڈیک سنٹر چونیاں میں مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے زندگی بچانے کی جس ادویات کی کمی جلد پورا کریں گے، ٹینڈر ہوگیا ہے۔ پنجاب میں جہیز نہ ہونے کی وجہ اب تک ملک کی ایک کروڑ 35لاکھ خواتین کی شادیاں نہ ہونے کا انکشاف ،حکومتی رکن احسن رضا خان نے جہیز کو معاشرے کا ناسور، بھارت نے جہیز لینے اور جہیز دینے کو جرم قرار دینے کا قانون پاس کر لیا ہے، مزدور بتیس ہزار روپے مزدوری لیتا ہے یہ بچی کو سکول میں داخل کروائے گا یا جہیز اکٹھا کرے گا۔ ایسا قانون لائیں گے جس سے بیٹیوں کو جہیز جیسے مسائل کا سامنا نہیں رہے گا، اپوزیشن رکن حافظ فرحت عباس نے ایوان میں نقطہ اعتراض پر کہا کہ میں نے تھانہ فیکٹری ایریا میں ایک وقوعہ کی نشاندہی کی جس پر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے یقین دہانیاں کروائیں، ، صرف ایلیٹ کی وردی پہننے سے امن و امان قائم نہیں ہوتا، کچھ کریں گے تو مجبور خاندان کی داد رسی ہوگی۔ صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے مظلوم± خاندان کے پاس حافظ فرحت عباس کے ساتھ جانے کی یقین دہانی کروا دی اور کہا کہ حافظ فرحت عباس کو رپورٹ کا پہلے بتا دوں گا اور سوموار کو ایوان میں آگاہی دوں گا،اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ کل سے شور مچا ہوا ہے اٹھائیس کروڑ کیواحد نمائندہ جسے سپریم کورٹ نے ویڈیو لنک پر آنے کا کہا،ایک تصویر وائرل ہوئی جس سے حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، ڈپٹی سپیکر ظہیر چنڑ نے ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کااجلاس سوموار کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔
پنجاب اسمبلی: جہیز نہ ہونے سے ایک کروڑ 35 لاکھ لڑکیوں کی شادی رک گئی
May 18, 2024