بھارتی قیادت کے بے بنیاد حقائق کے منافی الزامات مسترد، سکیورٹی، علاقائی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار: پاکستان

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت اور کسی بھی علاقائی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جمعہ کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارتی قیادت کے حالیہ جارحانہ بیانات سے متعلق پاکستان نے اپنا تفصیلی موقف دے دیا ہے۔ ہم ان بے بنیاد اور حقائق کے منافی بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان اپنی سکیورٹی اور کسی بھی علاقائی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے ایران سے ٹھوس اور برادرانہ تعلقات ہیں، ایرنی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان میں دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ گوادر اور چاہ بہار کو جڑواں بندرگاہ قرار دیا گیا ہے۔ بھارت اور ایران کے درمیان کسی معاملے پر ردعمل نہیں دیتے، یہ دونوں ممالک کا اندرونی معاملہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی علاقائی سالمیت و خودمختاری کا حامی ہے۔ پاک افغان سرحد پر حالات کے حوالے سے افغان انتطامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ پاکستان نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی رکنیت دینے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلومین کے خاندان آج بھی مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ ہزاروں کشمیری خواتین آج بھی اپنے شوہروں کا انتظار کررہی ہیں جن کو بھارتی فوج مبینہ طور پر قتل کرچکی ہے۔ ترجمان نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار قازقستان کے وزیر خارجہ کی دعوت پر آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے20 اور 21 مئی کو قازقستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار قازقستان کے دورے کے دوران آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ہم منصبوں اور دیگر شریک رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان19 سے20 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن