اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت نے وزیراعظم سے جھوٹ منسوب کیا۔ خیبر پی کے حکومت اپنی ساکھ بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے اور خوامخواہ محاذ آرائی پر تلی ہوئی ہے۔ بجلی، گندم، محاصل سے متعلق جھوٹ بول کر سیاسی آگ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کبھی اسلام آباد پر حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں کبھی پیسکو پر قبضے اور وفاقی حکومت کو 15 دن کی ڈیڈ لائن دے رہے ہیں۔ خیبر پی کے حکومت کی محاذ آرائی کی کوشش ناکام ہو گی۔ سرکاری املاک، اپنے اداروں اور محکموں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، کوئی کسی بھول میں نہ رہے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ملکی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے پرعزم ہیں، موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی آئی۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر مٹسو ہیرو واڈا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ سفارتی تعلقات، میڈیا کے شعبوں میں تعاون، فیک نیوز، حکومت کے معاشی اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔