غزہ، جنیوا، تل ابیب (نیٹ نیوز+ این این آئی) اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمال سے جنوب میں گھروں اور شیلٹرز پر بمباری کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے نصیرات کیمپ سکول پر بھی بمباری کی گئی جس سے 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے سکول میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔ دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں دوسرے روز فلسطینیوں کی نسل کشی خلاف جنوبی افریقا کی درخواست پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی جس میں اسرائیلی وکلا نے دلائل دیئے۔ عالمی عدالت انصاف کے صدر نواف سلام نے سماعت پر افتتاحی خطاب کے بعد اسرائیل کے نمائندوں کو جنوبی افریقا کے دلائل کے جواب میں اپنا موقف پیش کرنے کی دعوت کی۔ اسرائیل کے ڈپٹی اٹارنی جنرل برائے انٹرنیشنل لاز گیلاد نوام نے دفاع میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا نے اسرائیل پر نسل کشی کا الزام لگاتے ہوئے حقائق اور پیچیدہ صورت حال کو مدنظر نہیں رکھا۔جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں متعصبانہ اور جھوٹ پر مبنی اعداد و شمار پیش کیے جو انہیں حماس نے فراہم کیے تھے۔ اسرائیل غزہ اور فح میں کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے مطابق کر رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کے سفیر ووسیموزی میڈونسیلا نے اسرائیل پر عالمی عدالت انصاف کے سابقہ احکامات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہدایات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ عدالتی سماعت میں واضح احکامات کے باوجود اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے۔ عدالت اسرائیل کو رفح پر حملے روکنے کا حکم دے‘ اسرائیلی وزیر دفاع یووگسیلنٹ نے کہا مزید اسرائیلی فوجی رفح بھیجے جائیں گے۔