چینی کمپنی، عارف حبیب   کارپوریشن  سمیت 8 گروپس کی پی آئی اے نجکاری میں دلچسپی 

May 18, 2024

 اسلام آباد (خبرنگار) وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خا ن نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے پیشکشوںکی توسیع کا وقت ختم ہو گیا ہے اور اب تک پرائیویٹائزیشن کمیشن کو پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کی نجکاری کے لئے 8اہم کاروباری گروپس نے کنسورشیم کی شکل میں دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے جن کی پی سی آرڈیننس 2000 کے قواعد و ضوابط کے مطابق نجکاری کمیشن پری کوالیفیکیشن کا عمل سر انجام دے گا۔ پیشکشیں جمع کروانے والوں میں فلائی جناح، ائیر بلیو لمیٹڈ، عارف حبیب کارپوریشن، سردار اشرف ڈی بلوچ، شونکسی چائنہ سی آئی جی لمیٹڈ اور جیریز انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ جیسے نمایاں ادارے شامل ہیں۔ اسی طرح کنسورشیم لیڈ بائی یونس برادرز ہولڈنگز اور کنسورشیم پاک ایتھنول کے علاوہ کنسورشیم لیڈ بائی بلیو ورلڈ سٹی نے بھی پیشکش جمع کروانے میں حصہ لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے بتایا کہ ان 8اداروں نے مقررہ وقت کے اندر اپنی اہلیت کا بیان اور دلچسپی کا اظہار جمع کروا دیا ہے اور اب اسے مد نظر رکھتے ہوئے پرائیویٹائزیشن کمیشن اہل اداروں کو بولی کے عمل کے اگلے مرحلے کے لئے مدعو کرے گا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں تین روزہ پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو کا افتتاح کر دیا۔ بطور مہمان خصوصی اس ایکسپو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان  نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار اور لاگت میں ہر مارکیٹ کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔

مزیدخبریں