لاہور؍ واربرٹن (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ملک کے بیشتر شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جبکہ 48 ڈگری کے ساتھ دادو ملک کا گرم ترین شہر رہا۔ حیدرآباد میں 42 ڈگری کی گرمی 47 ڈگری، لاہور میں 41 ڈگری کی گرمی 45 ڈگری، اسلام آباد اورپشاور میں 37 ڈگری کی گرمی 42 ڈگری اور کراچی میں 37 ڈگری کی گرمی 40 ڈگری کی محسوس کی گئی۔ سکھر میں درجہ حرارت 47 ڈگری، نواب شاہ اور سبّی میں 46 ڈگری، ملتان، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں 45 ڈگری، بہاولپور میں 44 ڈگری، تربت میں 42 ڈگری اور بنوں میں 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔18 مئی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔ جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہائوالدین ، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی آندھی و بارش کا امکان ہے۔21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔ لاہور کے شہری علاقوں میں ایک سے دو گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ دریں اثناء واربرٹن میں شدید گرمی اور لو لگنے سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں محمد افضل کی بیوی، ماسٹر دلنواز کا بھائی عبدالقیوم، واربرٹن میونسپل کمیٹی کا سابق سینٹری انسپکٹر شامل ہیں۔
شدید گرمی، واربرٹن میں 3 افراد جاں بحق، لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی
May 18, 2024