اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری دفاع سے پیر تک تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کے حکم کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے جسٹس محسن اختر کیانی نے سیکرٹری دفاع سے پیر تک تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نے خاص طور پر قومی ادارے کو درخواست میں نامزد کیا ہے ۔سیکرٹری دفاع بتائیں اسلام آباد سے کیوں اور کیسے احمد فرہاد لاپتہ ہوئے ؟ قومی ادار وں سے رپورٹس لیکر سیکرٹری دفاع رپورٹ جمع کرائیں۔ تحریری حکم نامہ کے مطابق عدالت کو پولیس حکام نے بتایا کہ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دے دی ، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی جیو فینسنگ کی جا رہی ہے، پولیس نے بتایا کہ جہاں سے احمد فرہاد لاپتہ ہوا وہاں سیف سٹی کیمرے نہیں ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق پولیس نے یہ بھی بتایا کہ معاملے پر لا انفورسمنٹ ایجنسیز کو بھی خطوط لکھ دئیے ہیں۔