نیشنل گیمز کی بحالی‘ والی بال ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے 5لاکھ انعام کا اعلان: احسن اقبال 

May 18, 2024

لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سکواش کورٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، کھیل سے دھڑا بندی کو ختم کرنا ہے۔ اگلے سال سیف گیمز منعقد کریں گے۔ احسن اقبال نے سپورٹس ریوائول قومی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکواش کورٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ بنیادی انفراسٹرکچر ہی نہیں ہے۔ مستقبل کی منصوبہ بندی کر کے دیگر کھیلوں میں انفراسٹرکچر، بین الصوبائی وزارت سے آپ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ ملک کو دوبارہ اس مقام پر لیکر جائیں، کھیل سے دھڑا بندی کو ختم کرنا ہے۔ ہاکی کے اندر دو گروپ بنے پھر ان گروپوں کو ہدایت کی اور ممکن بنا کر سب کو اکٹھا کیا، میرٹ پر ایک ٹیم بنائی اور اس کا فائدہ ہوا۔ اذلان شاہ کپ کا فائنل کھیلا ۔ تمام فیڈریشنز کے ساتھ میٹنگ رکھی ہے تاکہ فیڈریشنز کو مضبوط کیا جائے۔ اس سال خصوصی فنڈز دیئے جائیں گے تاکہ نیشنل گیمز ہو سکیں۔ بڑے پیمانے پر بڑی سطح پر سیف گیمز کی تیاری کیلئے نیشنل گیمز کروائیں گے، سپورٹس کیلئے انڈومنٹ فنڈ قائم کر رہے ہیں۔ سپورٹس سٹی بنانے پر مجھے جیل بھیجا گیا۔ تین ارب کا منصوبہ سوا پانچ ارب روپے کا اب بنے گا۔ کیا اس کا بل میں اڈیالہ جیل بھجوایا یا پھر پاکستانی عوام دیں گے۔ کھیل پاکستان کی میراث ہے، میدان میں پاکستان کا زندہ باد کا نعرہ لگتا ہے، کھیلوں کو سیاست سے پاک رکھیں۔ دریں اثناء احسن اقبال نے کہا ہے کہ مائننگ، سی پیک فیز 2 کا ترجیحی شعبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاغی بلوچستان میں کام کرنے والی چینی کان کنی کمپنی (ایم آر ڈی ایل سیندک) کے چیئرمین وانگ جک چنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں منرل انڈسٹریل پارک کے قیام کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے چاغی میں مائننگ کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے چینی کمپنی کی کوششوں کو سراہا۔  علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  احسن اقبال نے سنٹرل ایشیئن والی بال چیمپئن شپ جیتنے والی قومی والی بال ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے پانچ، پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم سپورٹس کمپلکس میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مقابلہ ہوا‘ پاکستان نے پہلے دونوں سیٹ 21-25، 19-25 سے اپنے نام کیے، تیسرے سیٹ میں ترکمانستان نے 25-20 سے کم بیک کیا۔ پاکستان نے میچ کا چوتھا سیٹ 14-25 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔ بعد ازاں احسن اقبال نے قومی والی بال ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے 5،5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں