قصور (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ پنجاب کے کسان دوست ماحول دوست منصوبہ کے تحت سموگ کنٹرول پروگرام کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے کسانوں میں جدید زرعی آلات کی تقسیم کیلئے قرعہ اندازی کا انعقاد ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں چیئر مین وزیر اعلیٰ مانیٹرنگ کمیٹی حاجی نعیم صفدر انصاری، ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، ممبر پنجاب بار کونسل ملک ریاض احمد خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ طاہر نعیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر وقاص،محکمہ زراعت کے افسروں اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے انسداد سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت سپر سیڈ رز /پاک سیڈرز کی فراہمی کیلئے ضلع کے 463 کسانوں نے درخواستیں جمع کرائیں جن میں سے 315 درخواستوں کو منظور کیا گیا جبکہ 148 درخواستیں نامکمل ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دی گئیں تا ہم ضلع کا ٹارگٹ 292 مقرر کیا گیا تھا۔ اسی طرح رائس سٹرا شریڈرز کی فراہمی کیلئے 35 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 30کو منظور کیا گیا جبکہ 5 نامکمل ہونے کی وجہ سے منسوخ کی گئیں تا ہم ضلع کا ٹارگٹ 44مقرر کیا گیا تھا۔ اس موقع پرحاجی نعیم صفدر انصاری ‘ ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی نے کہا کہ زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔60فیصد سبسڈی کے تحت ضلع کے 322 کاشتکاروں میں سپر/پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈرز فراہم کئے جارہے ہیں۔
قصور: کسانوں میں جدید زرعی آلات کی تقسیم کیلئے قرعہ اندازی
May 18, 2024