گوجرانوالہ:ڈویژنل ایس پیز کی مختلف مساجد میں کھلی کچہریاں

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام الناس اور پولیس کے درمیان حائل فاصلوں کو کم کرنے کے لیے مساجد میں کھلی کچہریوں کاسلسلہ جاری ہے۔ اسی ضمن میں سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کے احکامات پر بعد از نماز جمعہ گوجرانوالہ کی مختلف مساجد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا سمیت تمام ڈویژنل ایس پیز نے ضلع کی مختلف مساجد میں کھلی کچہریاں کیں۔ کھلی کچہری کے دوران تمام افسران نے شہریوں کے مسائل سنے اور اْنکے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔ افسران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان حائل فاصلوں کو کم کر کے نہ صرف انصاف کے تقاضے پورے کرنا ہے بلکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بھی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ اپنی شکایت درج کروانے کے لئے جس وقت چاہے ہمارے دفاتر میں آسکے، عوام الناس کے لیے ہمارے دفاتر کے دروازے دن، رات کھلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ شہر امن پسند لوگوں کا شہر ہے جہاں پر تمام مکاتب فکر کے لوگ آپس میں رواداری اور پیار محبت سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان حائل فاصلوں کو کم کر کے نہ صرف انصاف کے تقاضے پورے کرنا ہے بلکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بھی بنانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن