بیول (نامہ نگار)پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ شاہد مبارک نے کہا ہے کہ ملازمین بالخصوص اساتذہ کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے 100% اضافہ کیا جائے تمام الانسز کو دوگنا کیاجائے ، سکولوں کی پرائیویٹائزیشن کسی صورت منظور نہیں۔ گذشتہ روز اساتذہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سکولوں کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں ، حکومتی پالیساں بالخصوص پنجاب میں جو کچھ سامنے آ رہا ہے وہ حوصلہ افزا نہیں ہے ، ہمیں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے ہر معاملے میں اچھائی ، بہتری اور ہر شعبے کے متعلقین سے مشاورت کے بعد پالیساں بنانے کی توقع ہے ، ہماری توقعات سی ایم پنجاب سے صرف اس لیے نہیں ہیں کہ وہ وزیر اعلی ہیں بلکہ وہ اس پنجاب کی بیٹی اور بہن اور خیر خواہ ہیں، اس لیے ہم انھیں اپیل کرتے ہیں کہ وہ تعلیمی اداروں کی بہتری اور بحالی کے علاوہ تعلیمی پالیسی کے لیے اپنے اساتذہ کے ساتھ مشاورت کرینگی اور پھر فیصلے ہونگے ۔