ق لیگ اسٹیبلشمنٹ کی گماشتہ‘ عمران کو ”کباڑ خان“ بنایا جا رہا ہے: رانا ثناء

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ میاں نوازشریف کا راستہ روکنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہی غیر جمہوری قوتوں نے کبھی عوامی لیڈر کو قتل کیا‘ کسی کو پھانسی پر چڑھایا اور کبھی خفیہ ہاتھوں کے ذریعے آصف زرداری کی رہائی عمل میں آنے کے بعد منصب صدارت تک پہنچنے کے لئے ان کا راستہ ہموار کیا۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل اور ناکامیوں کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ اسٹیبلشمنٹ کی گمشاتہ جماعت ہے اور اس کی قیادت بکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے شکست خوردہ اور مکروہ چہروں کا کباڑ جمع کر کے تحریک انصاف میں لا کر عمران خان کو کباڑ خان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم کی طرف سے ان کے جلسہ کو روکنے کی دھمکی کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں کو 24 نومبر کو سہولتوں کے ساتھ جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 61 سالہ عمران خان کو نوجوان قیادت کا خطاب دے کر قوم سے مذاق کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی قبول نہیں کریں گے‘ اب پاکستان کے فیصلے الیکشن کے ذریعے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقتول گورنر سلمان تاثیر کا مغوی بیٹا شہباز تاثیر افغان بارڈر پر موجود ہے اور جلد ہی زندہ واپس آ جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن