پاکستان بھارت سیمی فائنل فکس تھا تو ثبوت دیں‘ تحقیقات کریں گے: ذکاءاشرف

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ دورہ بھارت کے لئے ٹیم کا انتخاب ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر کیا جائے گا۔ بیٹنگ کوچ کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذکا اشرف نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میںکیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ورلڈکپ 2011ءکے پاکستان بھارت سیمی فائنل میچ کے فکس ہونے کے الزام پر اس وقت تک کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی جب تک برطانوی صحافی اس کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرتے۔ ذکا اشرف نے کہا کہ ثبوت آنے کے بعد پی سی بی فیصلہ کرے گا کہ اس معاملے کو کس پلیٹ فارم پر اٹھانا ہے۔ اس سلسلے میں آئی سی سی یا عالمی عدالت سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ذکا اشرف نے کہا کہ صرف کسی کے کہنے پر کسی کھلاڑی کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے۔ تعلیمی اداروں اور پی سی بی کے درمیان رابطے بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف پاکستان کرکٹ کے لئے نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے بلکہ کھلاڑیوں کو انگریزی بولنے میں پیش آنے والی مشکلات کا حل بھی نکالا جا سکے۔ قومی ٹیم کے لئے بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اب کرکٹ تبدیل ہوگئی ہے۔ 60ءاور 70ءکی دہائی میں کھیلی جانے والی کرکٹ جدید کرکٹ سے بہت مختلف تھی۔ اب جدید تکنیک استعمال کئے بغیر گزارہ ممکن نہیں۔ چیئرمین پی سی بی کا م¶قف تھا کہ تعلیمی اداروں اور کرکٹ بورڈ کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ سامنے آنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو انگریزی زبان بولنے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

ای پیپر دی نیشن